1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
آزادی اظہارروس

ڈی ڈبلیو کا آزادی اظہار رائے ایوارڈ یولیا ناوالنایا کے نام

3 مئی 2024

جرمنی کے بین الاقوامی نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو (ڈوئچے ویلے) کا دسواں فریڈیم آف اسپیچ ایوارڈ روس کے اپوزیشن لیڈر الیکسی ناوالنی کی بیوہ اور ان کی انسداد بدعنوانی فاؤنڈیشن کو دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/4fT8E
ڈی ڈبلیو کا آزادی اظہار رائے ایوارڈ یولیا ناوالنایا کے نام
ڈی ڈبلیو کا آزادی اظہار رائے ایوارڈ یولیا ناوالنایا کے نامتصویر: Ebrahim Noroozi/AP Photo/picture alliance

جرمنی کے بین الاقوامی نشریاتی ادارے نے جمعے کو اعلان کیا ہے کہ ڈی ڈبلیو کا فریڈم آف اسپیچ ایوارڈ 2024 یولیا ناوالنایا اور ان کی روسی اینٹی کرپشن فاؤنڈیشن کو دیا جائے گا۔ ناوالنایا متوفی روسی اپوزیشن لیڈر اور اینٹی کرپشن فاؤنڈیشن کے بانی الیکسی ناوالنی کی بیوہ ہیں۔

یہ 10 واں فریڈم آف سپیچ ایوارڈ وہ ذاتی طور پر پانچ جون کو برلن میں وصول کریں گی۔ اس موقع پر جرمن وزیر خزانہ کرسٹیان لینڈنر تہنیتی خطاب بھی کریں گے۔

 یولیا ناوالنایا کی 'غیر متزلزل ہمت‘

ڈی ڈبلیو کے ڈائریکٹر جنرل پیٹر لِمبورگ کا اس موقع پر کہنا تھا، '' تمام خطرات، مسلسل دھمکیوں اور ذاتی پابندیوں کے باوجود یولیا ناوالنایا نے شروع سے ہی روس میں آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے کی جنگ میں اپنے شوہر الیکسی ناوالنی کے سیاسی کام کی حمایت کی ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ''میں ان کی غیر متزلزل ہمت، ان کے یقین اور اس طاقت کا اعتراف کرتا ہوں، جس کے ساتھ وہ ایک آزاد روس کے لیے لڑ رہی ہیں اور ان لوگوں کے لیے کھڑی ہیں، جنہیں (روسی صدر) ولادیمیر پوٹن خاموش کرنا چاہتے ہیں۔‘‘

اس سے قبل اپریل میں ناوالنایا کو جرمن میڈیا کے آزادی انعام سے بھی نوازا گیا تھا۔

ڈی ڈبلیو کا آزادی اظہار رائے ایوارڈ یولیا ناوالنایا کے نام
ڈی ڈبلیو کا آزادی اظہار رائے ایوارڈ یولیا ناوالنایا کے نامتصویر: Sefa Karacan/AA/picture alliance

ناوالنایا صدر پوٹن کے خلاف ایک سرکردہ اختلافی آواز رہی ہیں اور خاص طور پر فروری میں روسی جیل کیمپ میں اپنے شوہر کی موت کے بعد سے کریملن کے خلاف ان کی تنقید میں مزید اضافہ ہو چکا ہے۔

اینٹی کرپشن فاؤنڈیشن کیا ہے؟

ناوالنی نے سن 2011 میں اس تنظیم کو روس میں بدعنوانی کے مشتبہ مقدمات کی چھان بین اور روسی اشرافیہ کی سرگرمیوں پر نگاہ رکھنے کے مقاصد کے ساتھ قائم کیا تھا۔

روسی حکام نے سن 2021 میں اس گروپ پر پابندی عائد کر دی تھی لیکن اس تنظیم نے اپنی کوششیں جاری رکھیں اور ایک سال بعد بین الاقوامی سطح پر دوبارہ ابھری جبکہ روس اس گروپ کو ایک ''انتہا پسند تنظیم‘‘ قرار دیتا ہے۔

ڈی ڈبلیو کا فریڈم آف اسپیچ ایوارڈ کیا ہے؟

ڈی ڈبلیوکے فریڈم آف اسپیچ ایوارڈ کا آغاز سن 2015 میں ہوا تھا۔ یہ ایوارڈ انسانی حقوق، آزادی اظہار اور آزادی صحافت کی وکالت کرنے والی شخصیات یا تنظیموں کو ان کی نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں ہر سال دیا جاتا ہے۔

ڈی ڈبلیو کا آزادی اظہار رائے ایوارڈ یولیا ناوالنایا کے نام
ڈی ڈبلیو کا آزادی اظہار رائے ایوارڈ یولیا ناوالنایا کے نامتصویر: DW

ڈی ڈبلیو کا پہلا آزادی اظہار ایوارڈ سعودی عرب کے بلاگر رائف بدوی کو دیا گیا تھا۔  گزشتہ برس یہ ایوارڈ السلواڈور کے صحافی اوسکار مارٹینیز کو دیا گیا تھا۔ انہیں یہ اعزاز وسطی امریکہ میں آزادی صحافت کے فروغ میں نمایاں خدمات انجام دینے پر ملا تھا۔

سن 2022 میں یہ ایوارڈ نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے صحافی اور ناول نگار مسٹائسلوف چرنوف اور فری لانس فوٹو جرنلسٹ ییشکینی مالولیٹیکا کو دیا گیا تھا۔ انہیں یہ ایوارڈ یوکرین سے روسی جنگ کی بے خوف اور غیر جانبدارانہ رپورٹنگ کے لیے دیا گیا تھا۔

ڈوئچے ویلے کے ڈائریکٹر جنرل پیٹر لمبورگ کے مطابق، ''فریڈم آف اسپیچ ایوارڈ ان تمام صحافیوں کے لیے ہماری حمایت کو ظاہر کرتا ہے جو عوام کے مفاد میں بے خوف ہو کر آزادانہ صحافت کے فروغ کے لیے کام کرتے ہیں۔ ڈی ڈبلیو خود بھی انہی پیشہ وارانہ قدروں کا علم بردار ہے۔‘‘

جرمنی کے شہر بون میں ہرسال منعقد ہونے والے ڈی ڈبلیو کے گلوبل میڈیا فورم میں اس آزادی اظہار ایوارڈ کے دیے جانے کی تقریب اس فورم کا ایک نمایاں حصہ ہوتی ہے۔

ا ا / ع ت